شاہ رُخ خان کا اپنی نئی فلم ڈنکی جنوری میں ریلیز کر نیکا اعلان

ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار شاہ رخ خان نے فلم ”جوان“ کی زبردست اور تاریخی کامیابی کے بعد اپنی آئندہ ریلیز ہونے والی فلم ”ڈنکی“ کا اعلان کر دیا۔

سال 2023 شاہ رخ خان کے نام ہے۔ سُپر اسٹار نے 2018 میں بڑی اسکرین پر واپسی کے بعد رواں سال جنوری میں ”پٹھان“ ریلیز کی جس نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑے۔

اس کے بعد حال ہی میں اداکار کی فلم ”جوان“ کو سینما گھروں میں پیش کیا گیا جس نے ”پٹھان“ کا ریکارڈ توڑتے ہوئے بالی وڈ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔

اور اب بالی وڈ کے بادشاہ نے خوش خبری سُنائی ہے کہ وہ ایک بار پھر بڑی اسکرین پر جلوے بکھیرنے آ رہے ہیں۔

مجموعی طور پر 700 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کرنے والی فلم ”جوان“ کی کامیابی کا جشن منانے کیلیے شاہ رخ خان، دپیکا پڈوکون اور ڈائریکٹر ایٹلی نے تقریب کا انعقاد کیا۔

اس موقع پر سُپر اسٹار نے تصدیق کی کہ ”ڈنکی“ رواں سال دسمبر میں کرسمس کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

”ڈنکی“ جیو اسٹوڈیو، ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور راج کمار ہرانی فلمز کے بینر تلے پروڈیوس کی جا رہی ہے جس کے ہدایتکار خود راج کمار ہرانی ہیں۔

فلم میں ہیروئن کا کردار تاپسی پنو نبھائیں گی جبکہ بومن ایرانی بھی اس کا حصہ ہیں۔