امریکی قونصل جنرل کونریڈ ٹریبل کرکٹ سیکھ رہے ہیں

امریکی قونصل جنرل کونریڈ ٹریبل نے کہا ہے کہ میں خود کرکٹ کے قوانین سمجھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔

اوور 40 گلوبل کرکٹ کپ کا کراچی میں آج سے آغاز ہوگیا جس کے پہلے میچ میں امریکا اور پاکستان کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل کونریڈ ٹریبل نے کہا کہ مختلف کھیلوں میں پاکستان اور امریکا کے اچھے تعلقات ہیں، مجھے کراچی آئے ہوئے ایک مہینہ ہوا ہے، یہاں اچھا وقت گزر رہا ہے۔

امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ امریکا میں کرکٹ تیزی سے فروغ پا رہی ہے، امید ہے اوور 40 ٹورنامنٹ میں امریکا کی ٹیم اچھا کھیلے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسپورٹس ڈپلومیسی پر یقین رکھتے ہیں، امریکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد پر خوش ہوں۔

کونریڈ ٹریبل نے مزید کہا کہ تارکین وطن کی وجہ سے امریکا میں کرکٹ کو فروغ ملا ہے، کھیل ملکوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔