بھارتی براڈ کاسٹر نے پاکستانی ٹیم کا زبردست پرومو جاری کردیا

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے آفیشل بھارتی براڈ کاسٹر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کا زبردست پرومو جاری کیا ہے جس میں بابر اعظم اور گرین شرٹس کی خوبیوں کو واضح کیا گیا ہے۔

جیسے جیسے ورلڈکپ کی شروعات قریب آرہی ہے ویسے ویسے اس کا بخار بھی عروج پر پہنچ رہا ہے، اب بھارتی براڈ کاسٹر کی جانب سے گرین شرٹس کے پرومو نے سب کی توجہ کھینچ لی ہے جس میں شاہینوں کو ’طاقتور پاکستانی‘ کے لقب سے نوازا گیا ہے۔

پرومو میں بابر اعظم کو خصوصی طور پر مرکز نگاہ بنایا گیا ہے اور ان کے ون ڈے انٹرنیشل کے سفر کو نمایا کیا گیا ہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں شاہین آفریدی، حسن علی اور حارث رؤف کو بھی پرجوش انداز میں دکھایا گیا ہے۔

بالخصوص پاکستانی پیس اٹیک کو ’مہلک‘ بتاتے ہوئے اسے کافی جارحانہ قرار دیا گیا ہے جب کہ پوسٹ میں بابر اعظم کو دنیا کا نمبر ون بیٹر بھی قرار دیا گیا ہے۔

براڈ کاسٹر کی پوسٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی ٹیم کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں اپنے سفر کا آغاز کرنے کے لیے تیار ہے اور بہترین ٹیم یقیناً فتح سے اس ایونٹ کا آغاز کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم شوپیش ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گی جو کہ حیدرآباد میں کھیلا جائے گا جب کہ روایتی حریفوں کے درمیان میچ جس کا شائقین اور براڈ کاسٹرز سب کو شدت سے انتظار ہے 14 اکتوبر کو شیڈول ہے۔