پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے انضمام الحق کا استعفا قبول کرلیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان پی سی بی نے مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کی جانب سے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کا استعفا قبول کرنے کی تصدیق کردی۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بورڈ کے خلاف بیانات ان کے فوری استعفا قبول کیے جانے کی وجہ بنے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کے خلاف شواہد اکٹھے کیے جارہے اور انکوائری بھی جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ انضمام الحق نے مفادات کے ٹکراؤ پر اپنے خلاف انکوائری کمیٹی بننے پر 30 اکتوبر کو قومی مینز سلیکشن کمیٹی اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کے عہدے سے استعفا دے دیا تھا۔ انضمام الحق کو 7 اگست 2023 کو قومی مینز سلیکشن کمیٹی کا چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا تھا اور گزشتہ ماہ کے شروع میں انہیں جونیئر مینز سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین بھی مقرر کیا گیا تھا۔
اس دوران پتا چلا تھا کہ انضمام الحق کے کھلاڑیوں کے ایجنٹ طلحہ رحمانی کی کمپنی میں شیئرز ہیں، جس کے مالکان میں محمد رضوان بھی شامل ہیں۔ اس انکشاف کے بعد انضمام الحق پر بطور چیف سلیکٹر مفادات کے ٹکراؤ کا الزام سامنے آیا تھا۔