ورلڈکپ: بھارت کا نیدرلینڈز کو جیت کیلئے 411 رنز کا بڑا ہدف

ورلڈ کپ کے 45 ویں میچ میں بھارتی بیٹرز نے نیدرلینڈز کے بولرز کا بھرکس نکال دیا، جیت کے لیے 411 رنز کا ہدف دے دیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ بنگلورو میں کھیلا جارہا ہے اور یہ ورلڈ کپ سیمی فائنل سے قبل آخری میچ ہے جس میں بھارت نے  ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

بھارت نےمقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹ پر 410 رنز بنائے، شریاس آئیر128 رنزبناکر ناقابل شکست رہے۔

اس کے علاوہ کے ایل راہول نے 102 رنزکی اننگز کھیلی، کپتان روہت شرما نے 61 رنز اسکور کیے جبکہ ویرات کوہلی اور شبمن گِل نے 51 ،51 رنز بنائے۔

نیدرلینڈز کی جانب سے باسڈی لیڈا نے 2، پال وین میکیرن اور وین ڈر میروی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دونوں ٹیموں نے پہلے مرحلے کے آٹھ آٹھ میچز کھیل لیے ہیں، بھارت اب تک کوئی میچ بھی نہیں ہارا ہے جب کہ نیدرلینڈز نے اپنے 2 میچز جیتے ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر بھارت پہلے اور نیدرلینڈز دسویں (آخری) نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ بھارت، جنوبی افریقا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔