گرفتار پی ٹی آئی رہنماؤں کا جیل سے الیکشن لڑنے کا اعلان

تحریک انصاف کے سانحہ9مئی میں گرفتار رہنماؤں نے جیل سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ۔ 

9 مئی کیس میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنماؤں ڈاکٹریاسمین راشد، میاں محمود الرشید ،عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر نے الیکشن لڑنے کیلئے عدالت سے اجازت بھی طلب کرلی ۔

تحریک انصاف کی گرفتار رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کاعدالت کے روبروکہنا تھاکہ اگر عدالت اجازت دے تو جیل سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔

 عدالت نے استفسار کیا کہ کیا الیکشن کے لیے جیل سے باہر ہونا لازمی ہے؟ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ضروری نہیں لیکن الیکشن  مہم تو کرنی ہے۔

جج ارشد جاوید نے ریمارکس دیے کہ آپکا ایک مقدمہ کا چالان آ گیا ہے۔ لیکن مجھے نہیں علم کہ آپ پر کتنے مقدمات ہیں۔ کیس کا باقی ملزمان کی حد تک چالان طلب کیا ہے۔ چالان آ جائے گا تو اس کو کچھ ہفتوں میں نمٹا دیں گے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کاکہنا تھاکہ 6ماہ تین دن سے مجھ سمیت 15 عورتیں جیل میں ہیں۔ ہم عدالتوں پر یقین رکھتے ہیں ہمیں انصاف دیا جائے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہم گواہوں کو شارٹ لسٹ کرتے ہیں۔

یاسمین راشد نے کہا کہ میانوالی ، قصور ، فیصل آباد مختلف اضلاع سے تیرہ مقدمات میں مجھے گرفتار کرنے آ گئے ہیں۔ 

عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ انتظامیہ کا کام ہے۔ ہم نے تو قانون کے مطابق کام کرنا ہے۔