پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سالانہ اربوں ڈالر کا نقصان کررہی ہے،آئی ایم ایف

کراچی: آئی ایم ایف نے پاکستان میں پبلک انویسٹمنٹ سے متعلق رپورٹ جاری کردی جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے انتہائی رسک والے ممالک میں شامل ہے۔

رپورٹ کے مطابق سال2022کے سیلاب سے پاکستان میں 3کروڑ لوگ متاثر ہوئے جبکہ سال2000سے پاکستان میں ہرسال موسمیاتی تبدیلی2ارب ڈالر کا نقصان کررہی ہے۔

اس کے علاوہ ہرسال500افراد قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہلاک ہو رہے ہیں، پاکستان میں ہر سال40لاکھ افراد موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہورہے ہیں۔

آئی ایم ایف کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیاں زراعت اور انفرااسٹرکچر کو تباہ کررہی ہیں، سال2050تک پاکستان کی معیشت قدرتی آفات سے9فیصد تک متاثر ہوسکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بجٹ انتہائی ناکافی ہے، پاکستان ترقیاتی بجٹ میں موسمیاتی تبدیلیوں کے پروجیکٹس کو ترجیح دے۔

آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ پاکستان میں 10ہزار ارب سے زائد کے ترقیاتی منصوبے ہیں، پاکستان کے ترقیاتی منصوبے بجٹ سے14گنا زیادہ ہیں، جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے14ترقیاتی بجٹ درکار ہیں۔