ورلڈکپ فائنل ' بھارت کا آسٹریلیا کو فتح کیلئے 241رنز کا ہدف

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 241 رنز کا ہدف دے دیا۔

ورلڈکپ کا فائنل احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جہاں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا کی دعوت پر  پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کی پوری ٹیم 50 اوورز میں 240رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ، کے ایل راہول 66 اور ویرات کوہلی 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔

احمد آباد کے نریندر مودی  اسٹیڈیم میں ایک لاکھ 32 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے، اسٹیڈیم میں بھارتی مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے جن میں کئی مشہور شخصیات بھی شامل ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف بھارت کا آغاز جارحانہ رہا، اوپنر شب من گل تو 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے لیکن کپتان روہت شرما نے پورے ٹورنامنٹ کی طرح فائنل میں بھی دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا لیکن پھر وہ 31 گیندوں پر 47 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

2 وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلوی بولرز پورے میچ میں بھارتی بیٹرز پر حاوی رہے اور انہیں کھل کر نہ کھیلنے دیا۔ ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے سنگل ڈبلز کرکے لمبی شراکت داری بنانے کی کوشش کی لیکن پھر کوہلی بھی 54 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ راہول بھی 66 رنز پر پویلین لوٹے۔

اس کے علاوہ سوریا کمار یادیو 18، رویندرا جڈیجا 9،محمد شامی نے6 رنز بنائے، شریاس آئیر نے4 رنز اسکور کیے۔جسپریت بمرا نے ایک رن بنایا، کلدیپ یادیو 10 اور محمد سراج نے 9 رنز بنائے۔

یوں بھارتی ٹیم مقررہ اوورزمیں 240 رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایڈم زیمپا اور گلین میکسویل کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

واضح رہے کہ اس ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے والی بھارتی ٹیم اب تک ناقابلِ شکست ہے، بھارتی ٹیم نے پہلے مرحلے میں تمام 9 ٹیموں کو اور پھر سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو ہرایا تھا جب کہ آسٹریلیا نے ابتدائی دو میچ ہارنے کے بعد اگلے آٹھ میچ جیتے۔