جابر حکمرانوں سے آزادی حاصل کرنے کا وقت آ گیا ہے، خالد مقبول صدیقی

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم اپنی جدوجہد کا آغاز کر رہے ہیں، حکمرانوں کو ہمارے 3 نکات تسلیم کرنا ہوں گے۔

گلشن اقبال کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہماری رگوں میں وہ خون دوڑ رہا ہے کہ جس نے جب جوش مارا تو یہ خطہ ہندوستان سے پاکستان بن گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آزادی کیلئے 20 لاکھ جانوں کی قربانی دی، ہمارے آباؤ اجداد نے یہ ملک بنایا تھا اور ہم ہی اس ملک کی حفاطت کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے حکمرانوں کو تین نکات پیش کر دیے ہیں، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خاطر ہمارے نکات ماننا ہونگے، پہلے مرحلے میں ہم سیاسی رابطے کر کے حکمرانوں کو جگا رہے ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ جابر حکمرانوں سے آزادی حاصل کرنے کا وقت آگیا، ہم اپنی جدوجہد کا آغاز کر رہے ہیں، ہم ایک ایک گھر اور ایک ایک گاؤں جائیں گے۔