مشفیق الرحیم آبسٹر کٹنگ دی فیلڈ پر آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

نیوزی لینڈ کے خلاف میرپور میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بیٹر مشفیق الرحیم آبسٹرکٹنگ دی فیلڈ پر آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

آئی سی سی کے مطابق مشفیق الرحیم پہلے بنگلا دیشی کھلاڑی ہیں جو اس طرح سے آؤٹ قرار دیے گئے ہیں۔

بنگلادیش کی پہلی اننگز کے 41 ویں اوور میں بیٹنگ کے دوران مشفیق الرحیم نے وکٹوں کی طرف آنے والی گیند کو اپنے ہاتھ سے روکا جس پر کیوی کھلاڑیوں نے مشفق الرحیم کے خلاف آؤٹ کی اپیل کی تو فیلڈ امپائرز نے فیصلہ تھرڈ امپائر کو بھیج دیا، ٹی وی پر ری پلے دیکھنے کے بعد امپائرز نے جان بوجھ کر گیند ہاتھ سے روکنے پر بلےباز کو آؤٹ قرار دیا۔

آئی سی سی نے 2017 میں اپنے قوانین میں ترمیم کی جس کے مطابق آن دی فیلڈ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے پر جرمانہ عائد کیا جائے گا اور گیند کو جان بوجھ کر روکنے والے بیٹر کو واپس ڈریسنگ روم بھیج دیا جائے گا۔

تھرڈ امپائر نے قرار دیا کہ مشفیق الرحیم نے جان بوجھ کر ہاتھ سے گیند کو روکنے کی کوشش کی، بنگلا دیشی بیٹر کو 35 رنز کر آؤٹ قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ 2017 میں آئی سی سی قوانین میں ترامیم کے بعد مشفیق الرحیم پہلے بیٹر ہیں جنہیں گیند جان بوجھ کر روکنے پر آؤٹ قرار دیا گیا جبکہ آئی سی سی کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اب تک 7 کھلاڑیوں کو گیند سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر آؤٹ قرار دیا جا چکا ہے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈکپ میں بنگلا دیش اور سری لنکا کے میچ کے دوران بھی ایک عجیب طریقے کا آؤٹ دیکھنے میں آیا تھا جب بنگلا دیشی کپتان شکیب الحسن کی درخواست پر سری لنکن بیٹر اینجلو میتھیوز کو ٹائم آؤٹ قرار دیا تھا جو انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی تھے جنہیں اس طرح سے آؤٹ قرار دیا گیا تھا۔