مسلم لیگ نواز نے مسلم لیگ ق کو 2 قومی اور 3 صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی پیشکش کر دی۔
مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مشکل وقت میں ساتھ دیا یہ بھول نہیں سکتا۔
مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے مسلم لیگ ن کے قائد سے کہا کہ خواہش تھی کہ آپ کو لندن آکر ملتا مگر صحت نے اجازت نہیں دی، اچھا ہوا آپ ملنے آگئے بہت خوشی ہوئی۔
چودھری شجاعت حسین نے مریم نوازشریف سے دلچسپ مکالمہ میں کہا کہ میں نے اور نوازشریف نے ایک جیسی واسکٹ پہن رکھی ہے زیادہ اچھی کس کی لگ رہی ہے، مریم نواز نے چودھری شجاعت حسین کے استفسار پر جواب میں کہا کہ زیادہ اچھی آپ کی لگ رہی ہے، شہبازشریف نے کہا کہ سالک حسین نے میری کابینہ میں فعال کردارادا کیا تھا۔
دوسری جانب مسلم لیگ ق نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ سے طے ہوا ہے کہ مسلم لیگ ق کو چار ایم این اے اور آٹھ ایم پی ایز نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ملے گی، مسلم لیگ ن سے یہ بھی طے ہوا ہے کہ جتنی ہماری سیٹیں سابق حکومت میں تھیں وہ ہمیں ملیں گی۔
قاف لیگ نے دعویٰ کرتے ہوئے مزید کہا کہ قیادت کی خواہش ہے کہ ایڈجسٹمنٹ میں سیٹیں مزید بڑھ جائیں۔