میرا جسم، میری مرضی‘ نعرہ بالکل درست ہے ' رباب ہاشم

میزبان و اداکارہ رباب ہاشم کا کہنا ہے میں فیمنسٹ ہوں اور ’میرا جسم میری مرضی‘ کے نعرے سے اتفاق کرتی ہوں۔
 

پاکستان کی معروف اداکار رباب ہاشم  نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محض 10 سال کی عمر میں بچوں کے ایک پروگرام سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 16 سال کی عمر میں پہلی اسپورٹس میزبان بنی تھیں۔

 اداکارہ نے کہا کہ  20 سال کی عمر سے قبل ہی انہوں نے اداکاری شروع کردی تھی، رباب ہاشم نے کہا کہ میں انتہائی سخت قسم کی ’فیمنسٹ‘ ہوں اور میں ’میرا جسم میری مرضی‘ کے نعرے سے بھی اتفاق کرتی ہوں۔

 ان کا کہنا تھا کہ ’میرا جسم، میری مرضی‘ نعرہ بالکل درست ہے، بعض لوگ اپنے مطلب کے لیے اس کا مفہوم تبدیل کردیتے ہیں، عام طور پر لوگ شکایت کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ عورت مارچ کے بعد ریپ کیسز بڑھ گئے ہیں۔

’’ لیکن وہ یہ نہیں سوچتے کہ مذکورہ مارچ کے بعد ایسے کیسز رپورٹ ہونا شروع ہوئے ہیں اور ان پر اب بات بھی کی جاتی ہے‘‘

معاشرے میں بڑھتی ہوئی طلاقوں پر بات کرتے ہوئے رباب ہاشم نے کہا کہ شادیاں ٹوٹنے کی بہت ساری وجوہات ہیں، نیا زمانہ ہے، نئی سوچ ہے، اب کوئی برداشت نہیں کرتا اور ہر کسی میں عدم برداشت کم ہوچکی ہے، جب جوڑوں کو لگتا ہے کہ معاملات نہیں چل رہے تو وہ الگ ہوجاتے ہیں۔

رباب ہاشم نے واضح کیا کہ بعض وجوہات یا حالات میں طلاق لینا ہی بہتر ہے لیکن اس عمل کی حوصلہ افزائی یا حوصلہ شکنی نہیں کرنی چاہیے۔