بھارتی اداکارہ اسرائیلی درندگی پر برہم ' غزہ میں فوری جنگ بندی کی اپیل

ممبئی: معروف بالی ووڈ اداکارہ گوہر خان نے اسرائیل کی درندگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی رہنماوْں سے غزہ میں فوری جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔

گوہر خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں فلسطینی صحافی کی پوسٹ شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ “فلسطین میں فوری جنگ بندی کی جائے”۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں خاموش دُنیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ “فلسطین میں لوگ آپ سے جنگ بندی کی درخواست کر رہے ہیں اور میں بھی آپ سے التجا کرتی ہوں براہ کرم ابھی جنگ بندی کریں”۔

اُنہوں نے کہا کہ “غزہ کے بچے یتیم ہوگئے ہیں، اپنے اعضاء سے محروم ہوگئے ہیں، وہ شہید ہورہے ہیں، میں عالمی رہنماوْں سے اپیل کرتی ہوں غزہ کی مدد کریں”۔

گوہر خان نے کہا کہ “اے عرب دنیا، اے مغربی حکمرانوں، اے ایشیائی حکمرانوں! فلسطین میں ابھی جنگ بندی کرو، وہاں بہت زیادہ لوگ شہید ہوچکے ہیں، لاکھوں لوگ بےگھر ہوگئے ہیں، اُن کے پاس خوراک نہیں، پانی نہیں، طبی امداد نہیں، بجلی نہیں، کوئی مدد نہیں”۔

بھارتی اداکارہ نے مزید کہا کہ “فلسطین کے لوگوں کو کم از کم جینے دو، اُنہیں زندہ رہنے دو کیونکہ اُن سے اُن کے تمام خواب اور عیش و عشرت تو چھین لی گئی ہے”۔

gh1

اس سے قبل گوہر خان نے کہا تھا کہ “ابھی تک دنیا کا کوئی سُپر پاور ملک اور اقوام متحدہ غزہ میں جنگ روکنے میں کامیاب نہپں ہوا اور نہ ہی کسی ملک نے اسرائیل کو فلسطین کی نسل کشی روکنے پر مجبور کیا ہے”۔

گوہر خان کا کہنا تھا کہ “فلسطین گزشتہ 70 سےاپنی اُس زندہ دلی اور احسان کی قیمت چُکا رہا ہے جو اُنہوں نے اسرائیل پر کیا تھا”۔

واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 17 ہزار 700 سے تجاوز کرگئی جب کہ 49 ہزار کے قریب زخمی ہیں۔