ممبئی: 200 کروڑ روپے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار سکیش چندر شیکھر نے جیل سے بالی وڈ کی معروف اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کو ایک اور خط بھیج دیا۔
جیکلین فرنانڈیز کا دعویٰ ہے کہ ان کا سکیش چندر شیکھر سے کوئی تعلق نہیں، لیکن اس کے باوجود ملزم مسلسل جیل سے اداکارہ کو خط بھیج رہا ہے۔
پہلے اس نے ویلنٹائن ڈے، سالگرہ، نوراتری اور اب کرسمس اور یومِ تشکر پر محبت بھرا پیغام بھیج دیا۔
سکیش چندر شیکھر نے خط میں لکھا ’میں آپ کو ساتواں DIAFA ایوارڈ ملنے پر انتہائی خوش ہوں۔ آپ کو میری خوشی کا اندازہ نہیں ہے۔ آپ نے بہت اچھا پرفارم کیا۔ تقریب میں آپ سفید گاؤن میں بہت دلکش لگ رہی تھیں، میں آپ کو دیکھتا ہی رہ گیا۔‘
ملزم نے بالی وڈ اداکارہ کی حالیہ دو تصاویر کی تعریف کی۔ اس نے لکھا ’آپ کی دو عدد نئی تصاویر دیکھیں، ایک ریڈ عربی لباس اور دوسری پنک ساڑھی والی تھی، لیکن جس نے مجھے سب سے زیادہ متاثر کیا وہ گلٹیری لہنگا میں آپ کا فوٹو شوٹ تھا۔
میں آپ کی یہ تصاویر دیکھ کر پوری پوری رات جاگتا رہا ہوں۔ آپ کے ساتھ گزارا وقت بہت یاد کرتا یوں، بہت جلد ہم ایک ساتھ جشن منائیں گے۔‘
سکیش چندر شیکھر نے بتایا کہ میں نے یومِ تشکر کے موقع پر آپ کیلیے فلاحی ادارے کے ذریعے غریبوں میں کمبل تقسیم کروائے، میری ہر خوشی آپ کے ساتھ ہے اور میں آپ سے بہت محبت کرتا ہوں، آپ سے ان تمام پریشانیوں کیلیے معافی مانگتا ہوں جن سے آپ کو گزرنا پڑا۔
سکیش چندر شیکھر اس وقت دہلی کی منڈولی جیل میں منی لانڈرنگ کے الزام میں سزا کاٹ رہا ہے۔ جیکلین فرنانڈیز اور نورا فتیحی کو ملزم کا قریبی دوست ہونے کی بنیاد پر کیس میں شاملِ تفتشی کیا گیا ہے۔