مقبول اداکارہ صبا قمر اور ماڈل و اداکارہ آمنہ شیخ کے درمیان ایک دہائی بعد ملاقات کرنے کی تصویر وائرل ہوگئی اور شائقین نے دونوں کی ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔
آمنہ شیخ نے اداکار محب مرزا سے طلاق کے بعد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کاروباری شخص عمر فاروق سے شادی کی تھی۔
شادی کے بعد آمنہ شیخ نے پاکستانی شوبز کو غیر اعلانیہ خیرباد کہتے ہوئے دبئی میں رہائش اختیار کرلی تھی اور اب وہ وہیں مقیم ہیں۔
شادی کے ایک سال بعد ستمبر 2021 میں آمنہ شیخ کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی تھی، ان کے ہاں پہلی بیٹی کی پیدائش پہلے شوہر سے 2015 میں ہوئی تھی۔
آمنہ شیخ نے 2005 میں اداکار محب مرزا سے شادی کی تھی اور دونوں نے 2020 کے آغاز میں طلاق کی تصدیق کی تھی۔
دوسری شادی کے بعد آمنہ شیخ جہاں دبئی منتقل ہوگئی تھیں، وہیں انہوں نے شوبز انڈسٹری سے بھی روابط ختم کردیے تھے۔
لیکن حال ہی میں صبا قمر نے آمنہ شیخ سے ملاقات کی تصویر انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں کی ملاقات ایک دہائی بعد ہوئی ہے۔
اداکارہ نے واضح نہیں کیا کہ دونوں کی ملاقات کب، کہاں اور کیسے ہوئی، تاہم بتایا کہ دونوں نے ایک دہائی بعد ملاقات کی۔
ان کی جانب سے شیئر کردہ تصویر کو دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا، جس پر مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے ماضی میں ان کے ساتھ ایک ساتھ کیے گئے ڈرامے مات کا ذکر کیا۔
صبا قمر اور آمنہ شیخ کا ڈراما مات 2012 میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس نے مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے تھے، اس وقت صبا قمر انڈسٹری میں نئی تھیں جب کہ آمنہ شیخ اس وقت کیریئر کے عروج پر تھیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے دونوں کی ملاقات کی تصویر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں کو بہترین اداکارائیں قرار دیا۔