ڈراما 'تیرے بن' کی اداکارہ شعیب ملک اور ثنا جاوید کی حمایت میں بول پڑیں

  کراچی: پاکستان کا مقبول ترین ڈراما سیریل “تیرے بن” کی اداکارہ حرا سومرو نے ڈھکے چھپے الفاظ میں قومی کرکٹر شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی کی حمایت کردی۔

20 جنوری کو شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی کی خبر سامنے آئی تو مداحوں سے لیکر شوبز انڈسٹری تک ہر ایک فنکار حیران نظر آیا کیونکہ اس جوڑی نے اچانک اپنی شادی کا اعلان کیا اور یہاں قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اس جوڑی کی یہ پہلی نہیں بلکہ دوسری شادی ہے۔

اس شادی کے بعد جہاں کچھ شوبز ستاروں اور پاک بھارت مداحوں کی جانب سے شعیب ملک اور ثنا جاوید پر کڑی تنقید کی جارہی ہے تو وہیں حرا سومرو نے نام لیے بغیر اس جوڑی کی شادی کی حمایت کردی۔

حرا سومرو نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ “ویسے تو پاکستانی اسلامی ملک ہے لیکن یہاں ہر نکاح کرنے والے پر تنقید کی جاتی ہے”۔

اداکارہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ “پاکستان میں جو مرد گرل فرینڈ رکھتے ہیں وہ سر اُٹھا کر گھوم رہے ہیں لیکن نکاح کرنے والے مرد کو بےغیرت کہا جاتا ہے”۔

اُنہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شعیب ملک اور ثنا جاوید کا نام نہیں لیا لیکن اُن کا یہ ردعمل اس جوڑی کی دوسری شادی کے بعد ہی آیا ہے۔

واضح رہے کہ ثنا جاوید نے سال 2020 میں گلوکار عمیر جسوال سے پہلی شادی کی تھی، اس جوڑی نے اپنے نکاح کی تصاویر انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تھیں اور سال 2023 کے آخر میں اس جوڑی کی طلاق کی خبر سامنے آئی تھی۔

دوسری جانب شعیب ملک نے سال 2010 میں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے پہلی شادی کی تھی، دونوں کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک ہے جس کی پیدائش 2018 میں ہوئی تھی۔