پاکستانی فلم و ٹیلی ویژن کمرشل ڈائریکٹر اور پروڈیوسر عاصم رضا نے بےتکلفی کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے معروف اداکارہ یمنیٰ زیدی کو بوسہ دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
25 جنوری کو کراچی میں یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم ‘نایاب’ کے رنگا رنگ پریمیئر کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔
اس پریمیئر کے دوران شائقین اور شوبز شخصیات نے فلم ‘نایاب’ کی خوب تعریف کی اور ساتھ ہی فلم کی کاسٹ یمنیٰ زیدی، اسامہ خان، جاوید شیخ، عدنان صدیقی اور فریال محمود سمیت دیگر کاسٹ کی اداکاری کو بھی سراہا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عاصم رضا اداکارہ یمنیٰ کے منہ پر دو بار بوسہ دیتے ہیں اور پھر اُنہیں گلے لگا لیتے ہیں۔
یمنیٰ زیدی اور عاصم رضا کا ایک دوسرے کے ساتھ یوں بےتکلف ہونا سوشل میڈیا صارفین کا ایک آنکھ نہ بھایا اور صارفین نے ویڈیو پر تبصرے کرتے ہوئے دونوں شوبز شخصیات پر سخت تنقید کی۔
صارفین نے کہا کہ عاصم رضا اور یمنیٰ زیدی کو اپنے درمیان فاصلہ رکھنا چاہیے تھا، صارفین نے یہ بھی کہا کہ ان دونوں شخصیات کا یہ عمل انتہائی شرمناک ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے یمنیٰ زیدی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھی شہرت اور پیسوں کی خاطر دوسری اداکاراؤں کے نقشِ قدم پر چل پڑیں۔
واضح رہے کہ یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم ‘نایاب’ 26 جنوری کو پاکستان بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہوچکی ہے، اس فلم میں یمنیٰ زیدی ‘نایاب’ نامی لڑکی کے مرکزی کردار میں نظر آئیں گی جسے بچپن سے ہی کرکٹر بننے کا جنون ہوتا ہے، اُس لڑکی کو اپنے خواب کو پورا کرنے کے سفر میں خاندانی اور سماجی مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
عمیر ناصر علی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’نایاب‘ کو رومینا عمر اور عمیر عرفانی نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ فلم کے رائٹر عباس نقوی اور باسط نقوی ہیں۔