وزیراعظم کا سروسز چیفس کے ہمراہ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرزکا دورہ، وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جس میں وزیراعظم کو موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور  انہیں مشرقی سرحد پر بھارت کے جارحانہ اور اشتعال انگیز اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق  وزیراعظم کے ہمراہ وزیرخارجہ اسحاق ڈار ، وزیردفاع خواجہ آصف اور سروسز چیفس بھی تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم کو موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں پاکستان کی مشرقی سرحد پر بھارت کے بڑھتے ہوئے جارحانہ اور اشتعال انگیز  رویےکے تناظر میں روایتی خطرات سے نمٹنے کی تیاریوں پر خاص زور دیا گیا اور قیادت کو علاقائی سلامتی کی صورتحال اور خطرات کے بدلتے ہوئے تناظر، بشمول روایتی عسکری اقدامات، ہائبرڈ وار فیئر کی حکمت عملیوں اور دہشت گرد پراکسیز سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

وزیر اعظم اور ان کے ہمراہ معزز شخصیات نے قومی چوکسی، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور آپریشنل تیاری کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جاسکے۔

وزیراعظم نے ادارے کی پیشہ ورانہ مہارت اور اسٹریٹجک فہم کو سراہتے ہوئے قومی مفادات کے تحفظ اور مشکل و متحرک حالات میں قومی سلامتی سے متعلق باخبر فیصلوں میں اس کے کردار کی تعریف کی۔

وزیراعظم کا سروسز چیفس کے ہمراہ  آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرزکا دورہ، وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم نےکہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان آرمی دنیا کی سب سے زیادہ پیشہ ور اور نظم و ضبط کی حامل افواج میں سے ایک ہے۔

قومی قیادت نے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے پاکستان کے غیر مبہم عزم کا اعادہ کیا، چاہے وہ خطرات روایتی ہوں یا غیر روایتی، اور  یہ یقین دہانی کرائی کہ قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ، مسلح افواج تمام ریاستی اداروں اور قومی طاقت کے عناصر کی مدد سے پاکستان کی سلامتی، وقار اور عزت کے تحفظ کے لیے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں۔