دنیا کے امیر ترین اور کامیاب یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے حال ہی میں شادی کے اخراجات کے لیے والدہ سے رقم ادھار لینے کا اعتراف کیا ہے۔
دنیا بھر میں مقبول یوٹیوبر مسٹر بیسٹ (جمی ڈونلڈسن) نے اپنی مالی صورتحال سے متعلق ایک چونکا دینے والا انکشاف کیا جس نے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔
ارب پتی سمجھے جانے والے مسٹر بیسٹ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اس وقت ذاتی طور پر بہت کم پیسوں کے مالک ہیں کیونکہ وہ تمام آمدنی اپنے کانٹینٹ میں لگا دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہم اس سال تقریباً 25 کروڑ ڈالر صرف ویڈیوز پر خرچ کریں گے۔
جمی ڈونلڈسن المعروف مسٹر بیسٹ نے اعتراف کیا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ میں اپنی شادی کے اخراجات کے لیے والدہ سے رقم ادھار لے رہا ہوں۔

یوٹیوبر نے کہا کہ کاغذوں میں میری کمپنیوں کی مالیت کافی زیادہ ہے لیکن میرے ذاتی بینک اکاؤنٹ کی صورتحال کچھ اور ہی کہانی سناتی ہے۔
واضح رہے کہ مسٹر بیسٹ اپنے یوٹیوب چینل پر بڑے انعامات، مقابلے اور سماجی فلاحی کاموں کےلیے جانے جاتے ہیں، حالیہ دنوں میں انہوں نے اپنی نئی رئیلیٹی شو سیریز Beast Games کا آغاز کیا ہے جس میں جیتنے والے کو ایک کروڑ ڈالر کی انعامی رقم دی گئی۔
جمی ڈونلڈسن اور جنوبی افریقی کانٹینٹ کریئٹر تھییا بوئسن 2022 سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور 2024 میں دونوں کی منگنی ہوئی اور اب جلد شادی متوقع ہے۔