سعودی عرب 2030 تک 75 لاکھ بھارتیوں کی آمد کا منتظر 96 گھنٹے کے مفت ویزا کی سہولت، گزشتہ برس 15 لاکھ بھارتی باشندے سعودی عرب گئے : گزشتہ برس 15 لاکھ بھارتی باشندوں نے سعودی عرب کا سفر کیا

سعودی عرب نے کہا ہے کہ وہ بھارت کے سیاحوں کو متوجہ کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔ 2030 تک بھارت سے سعودی عرب آنے والوں کی تعداد 75 لاکھ سے زیادہ ہوجائے گی۔

ایک ٹریول شو میں ایشیا پیسیفک سعودی ٹور ازم اتھارٹی کے صدر الحسن الدباغ کا کہنا تھا کہ سیاحت کے حوالے سے سعودی عرب کے لیے بھارت ایک ترجیحی مارکیٹ ہے۔ سعودی عرب کو حج اور عمرے کے علاوہ سیاحت اور تفریح کے لیے آنے والے بھارتی باشندوں کا بھی انتظار ہے۔

گزشتہ برس 15 لاکھ بھارتی باشندوں نے سعودی عرب کا سفر کیا۔ الحسن الدباغ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک اس حوالے سے بھرپور اشتراکِ عمل کے مرحلے میں ہیں۔

الحسن الدباغ کہتے ہیں کہ ساؤتھ ایشیاز ٹریول اینڈ ٹور ازم ایکسچینج کے تحت سعودی عرب جنوبی ایشیا سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اپنے ہاں بلانا چاہتا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے بھارت سمیت متعدد ممالک کے لیے آمد پر ویزا کی سہولت کے ساتھ ساتھ 96 گھنٹے کے مفت ویزا کا بھی اعلان کیا ہے۔