محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا،بلوچستان ،کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیزہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا ،خیبرپختونخواکے بیشتر اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
ادھرپنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلودرہے گا۔ مر ی، گلیات اور گردو نواح میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے ،تاہم بلوچستان میں پنجگور، گوادر، آواران، خضدار، قلات ، تربت، کیچ، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے،کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدیدسرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقا مات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔