سر پر بال کیوں ہوتے ہیں؟

بال تو سب کو عزیز ہوتے ہیں اور جب وہ اڑنے لگتے ہیں تو پریشانی بھی بہت ہوتی ہے۔

مگر سوال یہ ہے کہ آخر ہمارے سر پر بال کیوں ہوتے ہیں اور ان کا کیا فائدہ ہوتا ہے؟

جانوروں کے جسم پر تو بہت زیادہ بال ہوتے ہیں جو انہیں رات میں سردی جبکہ دن میں سورج کی تمازت سے تحفظ فراہم کرتے ہیں، مگر انسانوں میں بال سر پر ہی نظر آتے ہیں۔

سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ زمانہ قدیم میں انسانوں کے جسم پر بھی بہت زیادہ بال ہوتے تھے مگر آگ کے استعمال، گھروں میں قیام اور لباس پہننے سے جسمانی بال بتدریج غائب ہوگئے۔

مگر سر پر بالوں کی موجودگی ہمارے لیے بہت اہم ہے۔

ہم 2 پیروں پر چلتے ہیں اور سورج کی روشنی براہ راست ہمارے سر پر پڑتی ہے اور اگر سر پر بال نہیں ہوتے تو ہمارے لیے گرمی برداشت کرنا ممکن نہ ہوتا۔

ماہرین کے مطابق بال درحقیقت ہمارے بال پر ٹوپی کا کام کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ بالوں سے رات کو ہمارے سر کا درجہ حرارت مستحکم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جسم کے مقابلے میں ہمارے دماغ چھوٹے ضرور ہوتے ہیں مگر وہ بہت زیادہ متحرک ہوتے ہیں، جس کے نتیجے میں حرارت پیدا ہوتی ہے مگر سر کے بال حرارت کو ایک جگہ تک محدود ہونے سے روکتے ہیں۔

بالوں سے سر کو کسی دھچکے سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے یعنی کسی جگہ سر ٹکرانے سے پہنچنے والے دھچکے کی شدت بالوں کی وجہ سے کسی حد تک گھٹ جاتی ہے۔

ماہرین نے مزید بتایا کہ بالوں کو اکثر مخالف جنس کو اپنی جانب کھینچنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔