پیٹ پھولنے اور گیس کے مسئلے سے نجات دلانے میں مددگار آسان طریقے

ہم سب کے ساتھ ایسا ہوتا ہے یعنی ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے پیٹ بہت زیادہ بھرنے سے پھول گیا ہے۔

کھانے کے بعد پیٹ کا پھول جانا عموماً کسی تشویش کا باعث نہیں ہوتا مگر یہ تجربہ اکثر افراد کے لیے پریشان کن ہوتا ہے۔

پیٹ پھولنے کا مسئلہ اس وقت ہوتا ہے جب معدے یا آنتوں میں گیس کی مقدار بڑھ جاتی ہے اور عموماً متاثرہ فرد کچھ دیر میں خود ہی ٹھیک ہو جاتا ہے۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ چند آسان عادات کو اپنا کر بھی پیٹ پھولنے کے مسئلے کو ہمیشہ خود سے دور رکھنا ممکن ہے۔


چہل قدمی کریں

جسمانی سرگرمیوں سے آنتوں کے افعال بہتر ہوتے ہیں جس سے اضافی گیس اور قبض کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔

کچھ وقت تک چہل قدمی کرنے سے پیٹ پھولنے اور گیس سے فوری ریلیف ملتا ہے۔

یوگا کی مشق کریں

مخصوص یوگا آسن پیٹ کے مسلز اس طرح متحرک ہوتے ہیں جس سے اضافی گیس سے نجات ملتی ہے اور پیٹ پھولنے کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔

آخر ہمارے سر پر بال کیوں ہوتے ہیں؟

آرام سے کھانا پینا عادت بنائیں

مشروبات یا کھانے کو بہت تیزی سے جسم کا حصہ بنانے کے نتیجے میں لوگ بہت زیادہ مقدار میں ہوا بھی نگل لیتے ہیں جس کے نتیجے میں گیس کی مقدار بڑھ جاتی ہے اور پیٹ پھول جاتا ہے۔

اس کے مقابلے میں آرام سے کھانا کھانے یا مشروبات یا پانی پینے سے اس مسئلے سے بچنا آسان ہو جاتا ہے۔

سوڈا کی جگہ پانی کو دیں

کاربونیٹڈ مشروبات جیسے سافٹ ڈرنکس، انرجی ڈرنکس اور دیگر میں کاربن ڈائی آکسائیڈ موجود ہوتی ہے جو معدے میں اکٹھی ہو جاتی ہے جس سے پیٹ پھول جاتا ہے۔


ان مشروبات کا بہترین متبادل پانی ہے جس سے پیٹ پھولنے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

چیونگم سے گریز

چیونگم میں موجود مٹھاس سے کچھ افراد کا پیٹ پھول جاتا ہے جبکہ اسے چبانے کے دوران ہوا کی بہت زیادہ مقدار جسم کے اندر جاتی ہے جس سے پیٹ پھولنے اور گیس کی تکلیف کا سامنا ہوتا ہے۔

تو چیونگم کو کبھی کبھار کھانا بہتر ہوتا ہے خاص طور پر اگر اکثر پیٹ پھولنے یا گیس کی شکایت ہوتی ہے تو۔

زیادہ نمک کھانے سے گریز کریں

ہمارے جسم کو نمک کی ضرورت ہوتی ہے مگر بیشتر افراد ضرورت سے زیادہ مقدار کو جسم کا حصہ بنالیتے ہیں۔

اس کے نتیجے میں نمک جسم کے اندر پانی جمع کرنے لگتا ہے جو وقت کے ساتھ مختلف بیماریوں جیسے ہائی بلڈ پریشر کا باعث بن جاتا ہے مگر مختصر المدت بنیادوں پر پیٹ پھولنے کی شکایت کا سامنا ہوتا ہے۔

پودینے کا استعمال

پودینے کی چائے یا اس کے سپلیمنٹس سے بھی گیس کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔


پودینے کی چائے تو ہر فرد پی سکتا ہے مگر اس کے سپلیمنٹس ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر استعمال نہیں کرنے چاہیے۔

سیب کا سرکہ

سیب کے سرکے کو پینے سے گیس اور پیٹ پھولنے کا باعث بننے والے جراثیموں سے لڑنے میں مدد ملتی ہے۔

پانی یا چائے میں ایک کھانے کا چمچ سیب کا سرکہ مکس کریں اور اس مشروب کو ہر بار کھانے سے قبل پی لیں۔


لونگ

لونگ کا تیل بھی پیٹ پھولنے اور گیس جیسے مسائل پر قابو پانے کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

اسے استعمال کرنے کے لیے ایک گلاس پانی میں تیل کے 2 سے 5 قطرے شامل کرکے کھانے کے بعد پی لیں۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔