دنیا کے 100 آلودہ ترین شہروں کی فہرست جاری، ایک ہی ملک کے 83 شہر شامل

سوئٹزرلینڈ کے فضائی معیار جانچنے والے ادارے آئی کیو ائیر  نے دنیا کے 100 آلودہ ترین شہروں کی فہرست جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال دنیا کے 100 آلودہ ترین شہروں میں سے ایک کے علاوہ تمام شہر ایشیائی ممالک کے ہیں جن میں سے 83 شہر صرف ایک ملک کے شہر ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان تمام شہروں میں فضا کا معیار عالمی ادارہ صحت کے طے کردہ معیارات سے کہیں زیادہ خراب تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سے 83 شہر بھارت کے ہیں۔

اس تحقیق کے لیے فضا میں پارٹیکیولیٹ میٹر (پی ایم 2.5) کی مقدار کو دیکھا گیا۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق کسی علاقے میں پی ایم 2.5 کی سالانہ اوسط 5 مائیکرو گرام گی کیوبک میٹر ہونی چاہیے۔ 

رپورٹ کے لیے جن 7 ہزار 800 شہروں کے فضائی معیار کو جانچا گیا ان میں سے صرف 9 فیصد شہروں کا فضائی معیار عالمی ادارہ صحت کے طے کردہ معیار کے مطابق تھا۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی شہر بیگو سرائےگزشتہ سال دنیا کا آلودہ ترین شہر رہا جہاں گزشتہ سال پی ایم 2.5 کی سطح 118.9 مائیکروگرام رہی۔ 

گوہاٹی، دہلی اور ملاں پور اس فہرست میں دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ 

رپورٹ کے مطابق بھارت میں ایک ارب 30 کروڑ لوگ یا 96 فیصد آبادی عالمی ادارہ صحت کے طے کردہ معیار سے سات گنا زیادہ آلودہ فضا میں رہتے ہیں۔

فضائی آلودگی کے حوالے سے وسطی اور جنوبی ایشیا عالمی سطح پر سب سے خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خطے ہیں۔ گزشتہ سال کے سب سے زیادہ آلودہ ممالک میں  بنگلادیش، پاکستان، بھارت اور تاجکستان شامل ہیں۔