وزیراعلی کے پی کیخلاف الیکشن کمیشن کی نااہلی کی کارروائی معطل

پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کیخلاف الیکشن کمیشن کی نااہلی کی کارروائی معطل کردی۔

ہائیکورٹ میں وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی الیکشن کمیشن کے نااہلی نوٹس کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

انہوں نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات کیس میں 26مارچ کو نوٹس جاری کیا ہے، الیکشن کمیشن کی کارروائی غیر قانونی ہے جسے کالعدم قرار دیا جائے، کیونکہ نوٹیفیکیشن ہونے کے بعد ممبر اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن کارروائی نہیں کر سکتا، بلکہ الیکشن ٹربیونل میں درخواست دی جا سکتی ہے۔


عدالت نے الیکشن کمیشن کی علی امین گنڈا پور کے خلاف نااہلی کی کارروائی معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔

جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اب تو کسی ادارے کے پاس اختیار نہیں کہ وہ کسی کو صادق اور امین قرار دے۔