تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی

ملک کے بالائی علاقوں میں چند مقا مات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا تاہم رات میں خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اورکشمیر میں چند مقا مات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم خشک رہا۔ اس دوران ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی، چھور 40، لسبیلہ 39، میرپور خاص، ٹنڈو جام، ٹھٹھہ اور تربت میں 38ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب پاکستان سمیت دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں سے تہذیب کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے شعور کو اجاگر کرنے کے لیےموسمیات کا عالمی دن منایا گیا۔ رواں سال یہ دن “ماحولیاتی کارروائی کی فرنٹ لائن” کے موضوع کے تحت منایا گیا ۔

جو موسمیاتی تبدیلیوں اور ان کے اثرات سے نمٹنے کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتا ہے ۔ موسمیات کے عالمی دن کی مناسبت سے مختلف تقریبات بشمول موسمیاتی ماہرین، کمیونٹی لیڈرز اور عام لوگوں کے لیے کانفرنسز، سمپوزیمز اور نمائشوں کا انعقاد کیا گیا۔

عالمی یوم موسمیات ہر سال 23 مارچ کو منایا جاتا ہے جو 23 مارچ 1950 کو عالمی موسمیاتی تنظیم کے قیام کے کنونشن کے نافذ ہونے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔