خیبر پختونخوا میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ابتک 7 افراد جاں بحق : وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے اظہار افسوس، ضلعی انتظامیہ سوات کو متاثرہ خاندان کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدای

خیبر پختونخوا کے ضلع دیر، چترال اور سوات میں بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور چھتیں گرنے سے کل سے اب تک 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اپر چترال کے علاقے استارو میں چرواہا طوفانی بارش کی زد میں آکر پہاڑ سے گر کر جاں بحق ہوگیا جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

شدید بارشوں سے نہاگ درہ بڈالئی دیر بالا سے تعلق رکھنے والا شاہد خان کے گھر پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے باعث دو بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔ مقامی لوگوں نے بچیوں کی لاشیں ملبے سے نکال لیں۔

میدان لوئر دیر میں بھی شدید بارشوں سے مکان کی چھت گر گئی جس کے باعث خاتون جاں بحق ہوگئی، مقامی لوگوں نے خاتون کی لاش ملبے سے نکال لی۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق بچوں کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

علی امین گنڈاپور نے ضلعی انتظامیہ سوات کو متاثرہ خاندان کو فوری ریلیف فراہم کرنے اور متعلقہ حکام کو متاثرہ خاندان کو مالی معاونت کی فراہمی کے لیے ضروری کارروائی کی ہدایت کر دی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔