بھارت میں عام انتخابات کل سے شروع ہوں گے

بھارت میں کل  19 اپریل سے عام انتخابات کا آغاز ہورہا ہے، بی جے پی کے نریندر مودی، کانگریس کے راہول گاندھی مدمقابل ہوں گے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت میں 19اپریل سے شروع ہونے والے انتخاباتمیں 97 کروڑ ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے، 7 مراحل پر مشتمل بھارتی عام انتخابات یکم جون کو ختم ہوں گے جبکہ  انتخابی نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا۔

حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کا اہم چہرہ راہول گاندھی انتخابی میدان میں مودی سے زور آزمائی کریں گے۔اگر اس بار بھی موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی کو کامیابی ملتی ہے تو وہ تیسری بار منتخب ہونے والے دوسرے بھارتی وزیراعظم ہوں گے۔ اس سے قبل نہرو 3 بار بھارت کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔

سب سے زیادہ ملک کی اکثریت ہندوؤں کی حمایت بی جے پی کو حاصل ہے جبکہ حزبِ اختلاف کی دو درجن جماعتوں نے ’انڈیا‘ کے نام سے سیاسی اتحاد تخلیق کیا ہے۔ بھارت میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 97 کروڑ ہے جبکہ حکومت بنانے کیلئے لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے 272 پر کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔

یاد رہے کہ بھارت میں ہونے والے انتخابات کو دنیا میں کسی بھی ملک میں ہونے والا سب سے بڑا انتخابی معرکہ بھی قرار دیا جاتا ہے