ملائیشیاء : 2 فوجی ہیلی کاپٹر فضا میں ٹکرا کر تباہ، 10 افراد ہلاک

ملائیشیاء میں تربیتی مشق کے دوران نیوی کے 2ہیلی کاپٹر فضا میں ٹکرا کر تباہ ہوگئےجس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق رائل ملائیشین نیوی کی تربیتی مشق کے موقع پر 2 ہیلی کاپٹر فضا میں پرواز کررہے تھے کہ اس دوران ایک ہیلی کاپٹر کے پر نزدیک موجود دوسرے ہیلی کاپٹر کے روٹر میں جاپھنسے جس سے دونوں ہیلی کاپٹر زمین پر آگرے۔  حادثہ مقامی وقت کے مطابق نیوی بیس میں صبح ساڑھے 9 بجے پیش آیا جس میں 10 افراد ہلاک ہوئے۔

ملائیشین نیوی کے مطابق حادثے میں تمام افراد ہلاک ہوئے ہیں جن کی لاشوں کو  ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ادارے نے حادثے کی تحقیقات کیلئےکمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ HOM M503-3 ہیلی کاپٹر میں 7 افراد سوار تھے اور M502-6 میں تین افراد سوار تھے جو قریب موجود سوئمنگ پول میں جاگرا جب کہ دوسرا ہیلی کاپٹر زمین پر گرا۔

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔