’یہ نہیں کہا تھا مریم نواز برانڈڈ سوٹ نہیں پہنتیں‘، عظمیٰ بخاری کی اپنے بیان کی وضاحت

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہےکہ میں نے یہ نہیں کہا کہ مریم نواز برانڈڈ کپڑے نہیں پہنتیں لیکن وہ اب سادہ کپڑوں کو ترجیح دیتی ہیں۔

 عظمیٰ بخاری نے مریم نواز کے لائف اسٹائل کے حوالے سے کہا کہ  وزیراعلیٰ بننے کے بعد مریم نواز لائف اسٹائل میں بڑی تبدیلی لائی ہیں، پرانے کپڑے، الیکشن سے بھی پہلے کے ہیں، مریم نواز کو سادہ کپڑے پسند ہیں وہ زیادہ تر سادہ کپڑے پہنتی ہیں۔ؔ

وزیر اطلاعات نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے یہ نہیں کہا کہ وہ برانڈڈ کپڑے نہیں پہنتیں لیکن وہ اب سادہ کپڑوں کو ترجیح دیتی ہیں، مریم نواز کیا پہن رہی ہیں اس کے لیے ان کو کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عید شو میں گفتگو میں کہا تھا کہ کبھی کبھار مجھے لگتا تھا کہ میں نے مریم نواز سے زیادہ مہنگے کپڑے پہنے ہیں لیکن بات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی پر ہونی چاہیے۔

واضح رہے عظمیٰ بخاری نے  مریم نواز کے فیشن سینس پر گفتگو کی تھی جس کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب نے بتایا  تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسی کی نقل نہیں کرتیں بلکہ سب انہیں کاپی کرتے ہیں، مریم زیادہ تر آن لائن شاپنگ کرتی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا تھا کہ مریم نواز چھوٹے برانڈ کے لان کے کُرتے پہنتی ہیں تب بھی وہ بہت حسین نظر آتی ہیں، ان کا فیشن سینس ختم ہے، مریم نواز بازار میں ملنے والے لان کے 500، 600 یا 800 روپے والے جوڑے خرید کر پہنتی ہیں، بات کپڑوں کی قیمت اور برانڈز کی نہیں ہوتی بلکہ اصل بات یہ ہے کہ کوئی ان کپڑوں کو کیسے پہنتا ہے، میں خود بھی ان سے انسپریشن لیتی ہوں۔