پی آئی اے نے حج آپریشن کا اعلان کردیا

 قومی ایئر لائن(پی آئی اے )نے اپنے حج آپریشن کا اعلان کردیا،پی آئی اے قبل از حج آپریشن 9 مئی 2024 سے شروع ہوگا جو 10 جون تک جاری رہے گا ۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی منصوبہ بندی کے مطابق پی آئی اے تقریبا 34 ہزار عازمین حج کو 170 پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچائے گی، 19 ہزار سرکاری حج سکیم اور 15 ہزار پرائیویٹ حجاج پی آئی اے کے ذریعے سفر کریں گے،اس سال پی آئی اے پاکستان کے 8 شہروں بشمول اسلام آباد ، کراچی ، لاہور ، پشاور ، ملتان ، کوئٹہ ، سیالکوٹ اور سکھر سے جدہ اور مدینہ منورہ کیلئے براہ راست پروازیں آپریٹ کرے گی۔

ترجمان پی آئی اے نے کہاکہ مزید برآں اس سال روڈ ٹو مکہ منصوبہ اسلام آباد اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر دستیاب ہوگا، طریق مکہ یا روڈ ٹو مکہ کے ذریعے عازمین حج اپنی سعودی امیگریشن پاکستان ہی میں کروائیں گے، اس سے جدہ یا مدینہ منورہ میں امیگریشن کیلئے طویل قطاروں کی کوفت سے بچت ہوگی ۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے حجاج کی آگاہی کیلئے ایک ہدایت نامہ بھی جاری کیا ہے جس میں نسک ایپلیکیشن سمیت دیگر ضروری ہدایات کا تفصیلی ذکر ہے ،حجاج کرام ٹکٹ بنواتے وقت اپنے موبائل نمبرز کا ضروری اندراج کروائیں تاکہ ان کو انکی پرواز سے متعلق بروقت معلومات میسر رہے ۔ترجمان نے تمام حجاج کرام سے استدعا ہے کہ وہ حج کے مناسک کی ادائیگی کے دوران پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں کریں۔