پی آئی اے نے عازمین حج کیلئے سفری ہدایات جاری کردیں

 پی آئی اے نے عازمین حج کے لیے سفری ہدایات جاری کردیں، تمام عازمین حج کے پاس ذاتی سمارٹ فون ہونا لازمی قرار دیا گیا ۔ 
تفصیلات کے مطابق جاری کردہ سفری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ عازمین ملک سے روانگی سے قبل نسک موبائل ایپ لازمی انسٹال کریں، ٹکٹ گم ہو نے پر پاکستان ہاؤس سے اپنے سفر ی پاسپورٹ کی تفصیلات پی آئی اے حکام کو دیں،ایک مسافر کے پاس دستی سامان 7کلو ،دیگر سامان 40کلو لیجانے کی اجازت ہوگئی،عازمین کومقررہ سامان سے وزن زیادہ ہونے پر اضافی چارجز ادا کرنا ہونگے، پاکستان سے جدہ ،مدینہ جانیوالے مسافر کو اضافی سامان پر فی کلو 5 ڈالر اضافی چارجز دینا ہونگے، جدہ،مدینہ سے پاکستان واپسی کیلئے فی کلو اضافی سامان کے لیے 35 ریال ادا کرنا ہونگے۔ 
سعودی قانون کے مطابق فی حاجی 5لیٹر آب زم زم کی بوتل ائیرپورٹ پر دی جائے گی، عازمین کو سامان کے اندر آب زم زم لانے کی قطعی اجازت نہیں ہو گی، سامان میں ماچس، پاور بینک، سلنڈر، ایمرجنسی لائٹ، چولہا،مادہ لے جانے پرپابندی ہوگئی, نیل کٹر، قینچی، استرا، لائیٹر، بیٹری والے کھلونے ساتھ لے جانے پر پابندی ہو گئی.
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ  بورڈنگ کے وقت نادرا ویکسینیشن کارڈ لازمی ساتھ لائیں،پاکستان سے روانگی کے وقت مسافر 6گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچیں،واپسی کے لیے جدہ حج ٹرمینل سے مسافر 10گھنٹے پہلے ائیرپورٹ پہنچیں، وقت مقررہ پر نہ پہنچنے والا مسافر ٹکٹ کی منسوخی کا خود ذمہ دار ہو گا، مسافر کو نئی ٹکٹ کے لیے نو شو 300ریال تک چارجز ادا کرنا ہونگے، ٹکٹ کی بکنگ میں تبدیلی کے لیے 200ریال فی حاجی وصول کئےجائیں گے۔