ماں نے شوہر کا قرض اتارنے کے لیے نومولود کو بیچ دیا

بھارت کے علاقے کرناٹکا میں ایک سنگدل ماں نے اپنے شوہر کا قرض چکانے کے لیے اپنے ایک ماہ کے نومولود بچے کو بیچ دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، ریاست رام نگر میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کے قرض کو اتارنے کی غرض سے اپنے نومولود بچے کو فروخت کر دیا۔ پولیس کے مطابق، یہ جوڑا مزدوری کرتا ہے اور ان کے پانچ بچے ہیں۔ شوہر نے جب اپنے بچے کو گھر میں نہ پایا تو پولیس کو گمشدگی کی اطلاع دی اور اپنی بیوی پر شک ظاہر کیا۔

شوہر نے پولیس کو بتایا کہ ان پر 3 لاکھ روپے کا قرض تھا۔ کچھ دن قبل، اس کی بیوی نے نومولود بچے کو کسی بے اولاد جوڑے کے حوالے کرنے کی بات کی تھی، جس پر اس نے سختی سے انکار کیا تھا۔ تاہم، جب بچہ گھر نہیں آیا تو اس نے اپنی بیوی سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ بچے کی طبیعت خراب تھی اور کسی رشتہ دار کے ساتھ اسپتال لے گئی ہے۔ اگلے دن جب بچہ گھر واپس نہیں آیا، تو دونوں کے درمیان تنازعہ ہوا۔

پولیس نے شوہر کی شکایت پر کارروائی کی اور خاتون سے تفتیش کی، جس میں ابتدا میں اس نے گمراہ کرنے کی کوشش کی، لیکن بعد میں اپنے جرم کا اعتراف کیا اور بتایا کہ اس نے اپنا بچہ بنگلورو کی ایک خاتون کو 1.5 لاکھ روپے میں بیچ دیا تھا۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے کو بازیاب کیا اور اس کی ماں کو گرفتار کر لیا۔