پاکستان کی جانب سے فضائی حدود بند کیے جانے کے 13 دن مکمل ہو چکے ہیں، اور اس دوران بھارتی ایئرلائنز کو 275 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ اس بندش نے بھارت کی بڑی ایئرلائنز جیسے ایئرانڈیا، انڈیگو، اسپائس جیٹ، اور آکاسا ایئر کی 1350 سے زائد پروازوں کو متاثر کیا ہے۔
بھارتی فضائی کمپنیوں کو اب آدھے بھارت سے گزر کر بحیرہ عرب کے طویل راستوں کا سہارا لینا پڑ رہا ہے، جس سے ان کے فیول اور آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ انڈیگو ایئر کی جانب سے تاشقند اور الماتی کی سروسز مکمل طور پر معطل ہو چکی ہیں۔
امریکا، یورپ اور برطانیہ کے لیے جانے والی بھارتی پروازوں کو بھی متبادل راستوں سے گزرنا پڑ رہا ہے، جس کے نتیجے میں پرواز کا دورانیہ 4 سے 10 گھنٹے تک بڑھ چکا ہے۔ اس کے علاوہ، یورپ میں عملہ تبدیل کرنے، متعدد ری فیولنگ اسٹاپس اور لینڈنگ چارجز کی ادائیگی کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو یومیہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
مسافروں کو نہ صرف تاخیر کا سامنا ہے بلکہ بہت سے افراد کو تاحال اپنی بکنگز کی رقم کی واپسی بھی نہیں ہو سکی، جس سے صارفین میں بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔
