پاک بھارت کشیدگی کے اثرات: پی ایس ایل شیڈول میں رد و بدل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کے شیڈول میں ممکنہ تبدیلیوں پر غور شروع ہو گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق براڈکاسٹرز نے ملتان میں منعقد ہونے والے دو میچز کی تاریخیں تبدیل کرنے کی تجویز دی ہے، جس کے تحت یکم اور 10 مئی کے میچز ری شیڈول کیے جا سکتے ہیں۔

فی الحال پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال پر سنجیدگی سے مشاورت جاری ہے۔

یہ پیش رفت ایک حساس پس منظر میں ہو رہی ہے۔ پہلگام واقعے کے بعد پاک بھارت کشیدگی نے کھیلوں کی دنیا کو بھی متاثر کیا ہے۔ بھارتی براڈکاسٹرز کی وطن واپسی اور فینکوڈ کی جانب سے ہندوستان میں پی ایس ایل کی اسٹریمنگ بند کیے جانے کے بعد، لیگ کے انتظامات میں غیر یقینی کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔

پی ایس ایل کا انتظامیہ اب نئے چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے کہ کیسے غیر ملکی نشریات اور شیڈولنگ کے معاملات کو متوازن انداز میں آگے بڑھایا جائے۔