14 سالہ کھلاڑی نے آئی پی ایل میں تاریخ رقم کر دی

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں راجستھان رائلز کے 14 سالہ کھلاڑی ویبھو سوریاونشی نے کرکٹ کی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔

اس نوجوان کھلاڑی نے بھارتی کرکٹر کی حیثیت سے تیز ترین سنچری بنا کر نہ صرف آئی پی ایل بلکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی بھارتی کھلاڑیوں کے لیے یہ ریکارڈ قائم کیا۔

ویبھو نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف 210 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے صرف 35 گیندوں میں سنچری مکمل کی۔ یہ کسی بھی بھارتی کھلاڑی کی آئی پی ایل تاریخ کی تیز ترین سنچری ہے، اور اس کے ساتھ ہی لیگ کی دوسری تیز ترین سنچری کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ آئی پی ایل کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ کرس گیل کے پاس ہے، جنہوں نے 2013 میں پونے واریئرز کے خلاف 30 گیندوں میں سنچری بنائی تھی۔ ویبھو نے بھارتی کھلاڑی یوسف پٹھان کا ریکارڈ بھی توڑا، جو انہوں نے 2010 میں ممبئی انڈینز کے خلاف 37 گیندوں میں سنچری بنا کر قائم کیا تھا۔

سوریاونشی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت راجستھان رائلز نے صرف 15.5 اوورز میں 210 رنز کا ہدف عبور کر کے میچ جیت لیا۔ ان کے ساتھی یشسوی جیسوال نے بھی 40 گیندوں پر 70 رنز بنا کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔