ادارہ جاتی اصلاحات کریں، آئی ایم ایف کے پروگرام کا خاتمہ ممکن: وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ اگر ادارہ جاتی اصلاحات پر عمل کیا جائے تو پاکستان آئی ایم ایف کے پروگرام سے باہر نکل سکتا ہے۔

کراچی میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ امریکا سے واپسی پر مختلف ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کی معاشی کامیابیوں کو سراہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ ذخائر مستحکم ہو چکے ہیں، جاری کھاتے میں فاضل کی توقع ہے، اور افراط زر میں کمی بھی ایک بڑی کامیابی ہے۔

وزیر خزانہ نے ٹیکس نظام کو بہتر بنانے، ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے ٹیکس بیس بڑھانے، اور ٹیکس گزاروں کے اعتماد کو بحال کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے نرخوں میں کمی اور صنعت کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ بجٹ تجاویز پر بھی غور کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معدنیات اور آئی ٹی کے شعبے پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتے ہیں، اور ایکسپورٹ کو بڑھانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔