وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کے حملے کے خدشات ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ کا آغاز نہیں کرے گا، لیکن اگر بھارت نے مہم جوئی کی تو بھرپور ردعمل دیا جائے گا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام حملے پر آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا، مگر بھارت کی خاموشی خود اس کے ارادوں پر سوالیہ نشان ہے۔ "اگر بھارت تحقیقات نہیں چاہتا تو کچھ نہ کچھ ضرور چھپایا جا رہا ہے،" انہوں نے کہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کا جواب اُس سے زیادہ طاقت سے دے گا، اور اس بارے میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوست ممالک جنگ کو روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور امید ہے بھارت ان کی بات سنے گا۔