چین اور امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے، دونوں ممالک نے باہمی تجارتی محصولات (ٹیرف) میں نمایاں کمی پر اتفاق کر لیا ہے۔ مذاکرات سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ہوئے، جہاں فریقین کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پایا۔
امریکی وفد میں نائب صدر، دو وزراء اور سفیر شامل تھے، جبکہ مذاکرات کے نتائج سے امریکی صدر کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ امریکی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ مذاکرات میں خاصی کامیابی حاصل ہوئی ہے، اور معاہدے کی مکمل تفصیلات آئندہ صبح جاری کی جائیں گی۔
امریکی تجارتی نمائندے کے مطابق، یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی خسارے کو کم کرنے میں مؤثر ثابت ہوگا۔ طے شدہ معاہدے کے تحت دونوں ممالک آئندہ 90 دن کے لیے ایک دوسرے کی درآمدی اشیاء پر 15 فیصد ٹیرف کم کریں گے۔
چینی وزارتِ تجارت کے مطابق، یہ فیصلہ دونوں ممالک اور عالمی معیشت کے مفاد میں ہے۔ چین نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ تجارت کے شعبے میں مزید تعاون جاری رکھے گا۔
معاہدے کے تحت امریکا، چینی درآمدات پر 30 فیصد جبکہ چین، امریکی مصنوعات پر 10 فیصد ٹیرف عائد کرے گا۔