اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کم عمری کی شادی پر پابندی سے متعلق بل کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ اگر یہ بل واپس نہ لیا گیا تو وہ سکوں پر نکلیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ملک کو یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت ہے، متنازع قانون سازی کر کے ماحول خراب کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی کا تقاضا ہے کہ اس قسم کے حساس معاملات کو اسلامی نظریاتی کونسل کے حوالے کیا جائے۔
قومی سلامتی سے متعلق گفتگو میں مولانا نے کہا کہ بھارت نے پلوامہ واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر حملہ کیا، تاہم پاک افواج نے جس جرأت سے دفاع کیا، اس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین نہ صرف اقتصادی میدان میں بلکہ دفاعی شراکت دار کے طور پر بھی پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، اور موجودہ حالات میں چین پر اعتماد ضروری ہے۔
