حسن نواز برطانیہ میں دیوالیہ، تمام کمپنیاں تحلیل، کاروبار بند

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کے برطانیہ میں تمام کاروبار بند ہو چکے ہیں، ان کی تمام کمپنیاں تحلیل کر دی گئی ہیں۔
دستاویزات کے مطابق حسن نواز 7 کمپنیوں کے ڈائریکٹر تھے، جن میں سے کوئی بھی اب فعال نہیں۔ ان کی معروف کمپنی "فلیگ شپ انویسٹمنٹس لمیٹڈ" بھی 20 مئی 2024 سے تحلیل ہو جائے گی۔
ذرائع کے مطابق حسن نواز کی ایک اور پرانی کمپنی "کوئینٹ پیڈنگٹن لمیٹڈ"، جو 2007 میں قائم کی گئی تھی، بھی 20 مئی کو بند کر دی جائے گی۔ مزید یہ کہ ان کی 4 کمپنیاں پہلے ہی 3 دسمبر 2024 کو تحلیل ہو چکی ہیں، جبکہ ایک کمپنی دسمبر 2016 میں تحلیل ہوئی۔
دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حسن نواز اب برطانیہ میں کسی بھی کمپنی کے ڈائریکٹر نہیں ہیں۔
حسن نواز کو برطانیہ میں پہلے ہی ٹیکس ڈیفالٹر قرار دیا جا چکا ہے اور ان پر 5.2 ملین پاؤنڈ کا بھاری جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ وہ اپریل 2024 میں برطانیہ میں بینکرپٹ قرار دیے جا چکے ہیں۔