سکھر/خیرپور: سکھر اور خیرپور پولیس نے دریائی (کچے) علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 12 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرالیا ہے۔
یہ مشترکہ کارروائی 12 مئی کو سکھر کے باگڑجی علاقے میں شروع ہوئی جو 13 مئی تک جاری رہی۔ پولیس کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، ڈاکوؤں نے جدید ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے فائرنگ کی، جن میں راکٹ لانچر، جی تھری رائفلیں، ایس ایم جیز اور دستی بم شامل تھے۔
پولیس نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی اہم ملزمان کو گرفتار کیا اور بدنام ڈاکو رجب جتوئی کا اڈہ نذرِ آتش کر دیا۔ اگرچہ رجب جتوئی فرار ہوگیا، تاہم اس کے گروہ کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔
آپریشن کی قیادت ایس ایس پی سکھر اظہر خان اور ایس ایس پی خیرپور حسن سردار نے کی، جس میں 100 سے زائد اہلکار، پانچ بکتر بند گاڑیاں اور ڈرونز شامل تھے۔ فضائی نگرانی کے ذریعے زمینی کارروائی کی لمحہ بہ لمحہ رہنمائی کی گئی۔
بازیاب ہونے والے 12 افراد میں سے 9 کا تعلق خیرپور اور 3 کا سکھر سے ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس کامیابی کو ریاستی رٹ کی بحالی کا اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
