’پیسہ آپ سے سب کچھ کروا سکتا ہے‘: عماد وسیم کا سکندر رضا پر طنز

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے سکندر رضا کی پی ایس ایل ٹیم لاہور قلندرز سے وابستگی کو مالی مفاد سے جوڑتے ہوئے تبصرہ کیا ہے کہ "پیسہ آپ سے سب کچھ کروا سکتا ہے۔"
نجی پروگرام میں شعیب اختر کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ اگر آپ کو معاوضہ مل رہا ہو تو آپ کہیں بھی کھیلنے کو تیار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود بھی پیسوں کی خاطر طویل سفر کر کے براہ راست میچز میں شریک ہوتے رہے ہیں۔
عماد وسیم نے سکندر رضا کو ایک باصلاحیت کرکٹر اور ٹیم پلیئر قرار دیا، تاہم ان کے لاہور قلندرز سے آخری وقت میں شامل ہونے کو کمٹمنٹ سے زیادہ پیشہ ورانہ مجبوری سے تعبیر کیا۔
یاد رہے کہ سکندر رضا فائنل سے صرف چند لمحے پہلے لاہور پہنچے تھے اور کوئٹہ کے خلاف میچ میں وننگ شاٹ کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی تھی۔