وزارت ریلوے نے عید الاضحیٰ کے موقع پر مسافروں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ٹرین کرایوں میں 20 فیصد رعایت اور پانچ اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عید کے تین دنوں کے دوران تمام مسافر ٹرینوں پر 20 فیصد خصوصی رعایت دی جائے گی، تاکہ عوام آسانی سے اپنے پیاروں کے ساتھ عید منا سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلوے نے 77 سالہ تاریخ میں نئی کامیابیاں حاصل کی ہیں، اور صرف گزشتہ 11 مہینوں میں ریلوے کی آمدن 83 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔ مسافر ٹرینوں سے 42 ارب روپے کی ریکارڈ کمائی کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب محکمہ ریلوے اپنے ملازمین کو خود تنخواہیں ادا کر رہا ہے۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق رائل پام کو آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے، جس کے لیے شفاف بولی کا عمل یقینی بنایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب، ریلوے نے عید کے موقع پر 5 اسپیشل ٹرینیں بھی چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق:
-
پہلی ٹرین: 2 جون، دوپہر 1 بجے کراچی سے لاہور
-
دوسری ٹرین: 3 جون، صبح 10 بجے کوئٹہ سے پشاور
-
تیسری ٹرین: 3 جون، شام 5 بجے لاہور سے کراچی (براستہ ملتان)
-
چوتھی ٹرین: 3 جون، رات 8 بجے کراچی سے راولپنڈی
-
پانچویں ٹرین: 4 جون، رات 8 بجے کراچی سے لاہور
ترجمان ریلوے کے مطابق تمام ٹرینیں اکانومی، بزنس اور اسٹینڈرڈ کلاس کی سہولیات پر مشتمل ہوں گی تاکہ مسافروں کو ہر ممکن سہولت دی جا سکے۔