وفاقی بجٹ پر سیاسی ہلچل! پی ٹی آئی کی پیپلز پارٹی کو غیر متوقع پیشکش

اسلام آباد: وفاقی بجٹ پر اہم سیاسی موڑ، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پیپلز پارٹی کو بجٹ ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کی باضابطہ پیشکش کر دی۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجا پرویز اشرف سے ملاقات کی، جس میں اپوزیشن کی ممکنہ مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، اسد قیصر نے پیپلز پارٹی کے حالیہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی واقعی بجٹ بائیکاٹ کے حوالے سے سنجیدہ ہے، تو پی ٹی آئی اس اقدام میں اس کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہے۔

راجا پرویز اشرف نے یقین دہانی کرائی کہ وہ پی ٹی آئی کی پیشکش کو پارٹی قیادت، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سامنے رکھیں گے۔

یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جب وفاقی بجٹ پر ایوان میں بحث جاری ہے اور مختلف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تنقید کا سلسلہ تیز ہو چکا ہے۔