خیبر پختونخوا میں کورونا مریضوں کیلئے مزید 176بستروں کا انتظام

پشاور۔خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا مریضوں کے لیے جدید طبی سہولیات سے آراستہ مزید 176 بستروں کا انتظام کرلیا ٗگزشتہ 10 دنوں کے دوران 32 آئی سی یو جبکہ 144 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس بیڈز کا اضافہ کیا گیا ٗ صوبے کے بڑے ہسپتال لیڈی ریڈنگ پشاور میں مزید 19 وینٹی لیٹڈ اور 11 ایچ ڈی یو بستروں کا اضافہ کیا گیا ہے اسی طرح حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کورونا مریضوں کے علاج کے لیے مزید 5 آئی سی یو بسترے اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں 36 بیڈوں پر مشتمل ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ بنایا گیاوزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چارسدہ میں 8 وینٹی لیٹڈ بستروں کا آئی سی یو وارڈ اور وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال رجڑ چارسدہ میں 32 بیڈز کا ایچ ڈی یو بنایا گیا ہے

 اس سے قبل چارسدہ میں کورونا کے پیچیدہ کیسوں کے لیے کوئی سہولت میسر نہیں تھی ٗ سوات میں 25 ٗ نوشہرہ اور صوابی میں مزید 20 ٗ 20 بستروں کے ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس بنائے گئے ہیں ٗ اگلے دوماہ میں صوبے میں مزید 1000 آئی سی یو اور ایچ ڈی یو بستروں کا اضافہ کیا جائے گا جس سے ہمیں کورونا کے مریضوں کے علاج معالجے میں آسانی میسر آئے گی انہوں نے کہا کہ حکومت آنے والے دنوں میں ہسپتالوں پر بڑھنے والے مریضوں کے بوجھ سے نمٹنے کے لیے تیاری کر رہی ہے

 اور اسی سلسلے میں پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں این ڈی ایم اے کے تعاون سے کورونا سنٹر بنا رہے ہیں جو کہ 50 آئی سی یو اور 150 ایچ ڈی یو بیڈز پر مشتمل ہو گا۔ دریں اثنا وزیر صحت تیمور جھگڑا نے انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کے شعبہ انستھیزیا کے سربراہ ڈاکٹر عباس طارق اور بٹگرام میں تعینات ماہر امراض اطفال ڈاکٹر شاہ عالم کے کورونا سے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔