وزیراعظم کا مہنگائی کیخلاف اعلان جہاد

اسلام آباد:وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے مہنگائی کے خلاف اعلان جہاد کر دیا ہے۔

 یقین دلاتا ہوں مہنگائی سے چھٹکارا دلائیں گے،عمران خان نے ہمیشہ اخلاقیات پر مبنی سیاست کی ہے۔

ایوان نے پہلے سے زیادہ وزیرا عظم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے،لانگ مارچ میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی جائے گی،پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں کے آزادانہ کام پر یقین رکھتے ہیں۔

ملک میں قانون اور آئین کی حکمرانی چاہتے ہیں،پی ڈی ایم کے ساتھ وہ قوتیں ہیں جنہوں نے اخلاقیات کو تباہ کیا،پی ڈی ایم نے ہمیشہ سیاست میں رشوت اور پیسے کا استعمال کیا اور پیسے کے زور پر سیاست میں آنے والوں نے ملک کو تباہ کر دیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ اخلاقیات پر مبنی سیاست کی ہے،عددی اعتبار سے ایوان نے پہلے سے بھی زیادہ وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے،دھونس اور دھاندلی کی سیاست کرنیوالوں کے نظریے کو شکست دینگے،عوام کو مہنگائی کے چنگل سے آزا د کرائیں گے،غریبوں کو صحت کیساتھ ساتھ چھت بھی فراہم کریں گے،پی ڈی ایم کمزور اخلاقی بنیادوں پر کھڑی ہے،عوام نے پی ڈی ایم کے نظریے کو شکست دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کے خلاف جہاد کا اعلان کر دیا ہے،پاکستان کی بہتری کا فیصلہ کن دور شروع ہو چکا ہے،کل پی ڈی ایم رہنماؤں کے چہرے ہارے اور جواری کی طرح لٹکے ہوئے تھے۔

وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ عمران خان نہ دباؤ میں آتا ہے نہ کسی سے مرعوب ہوتاہے،جن لوگوں نے اس ملک کو نقصان پہنچایا ہے ہم نے ان لوگوں کوکسی صورت نہیں چھوڑنا،آنے والے وقت میں معیشت کو مستحکم کردیاہے، کرنٹ اکاونٹ خسارہ کو سیٹ کردیا ہے، معاشی مسائل بھی حل کردئیے ہیں،وزیراعظم کی طرف سے عوام کو یقین دلاتا ہوں معیشت میں بہتری کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائیں گے، اس پر تین مہینے پہلے کام شروع ہوا تھا، عوام کو مہنگائی سے جو تکلیف پہنچی اس میں آفاقہ آئے گا۔

اپوزیشن والے دوبارہ اقتدار میں اسلئے آنا چاہتے ہیں کہ اپنے کیسز ختم کرسکیں اور دوبارہ کاروبار شروع کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری رانا ثناء اللہ والی زبان بولْ رہے ہیں،پی ڈی ایم کی تحریک بری طرح ناکام ہوچکی ہے، جو ایک سیٹ جیتی میں تو اسے جیت بھی نہیں مان سکتا جسکی ویڈیو بھی سامنے ہے،گیلانی کے فرزند کے کارناموں پر کتنی بات ہوئی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو لانگ مارچ کیلئے اسلام آباد آنے کی اجازت دیں گے، پنجاب میں وزیراعلی کیخلاف عدم اعتماد کی پی ڈی ایم کی کوشش کیلئے ہم تیار ہیں،ہم ہر جگہ پر پی ڈی ایم کا مقابلہ کریں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد ادارہ ہے اور ہم چاہتے ہیں الیکشن کمیشن سمیت تمام ادارے آزادانہ کام کریں۔