اسلام آباد لینڈ ریونیو افسران کیخلاف کارروائی کا حکم

بیرون ملک مقیم پاکستانی کی جانب سے سیٹیزن پورٹل پر درج کردہ شکایات پر وزیراعظم عمران  کی جانب سے نوٹس لے لیا گیا  اور وزیراعظم نے اسلام آباد لینڈ ریونیو کے افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

ذرائع کے مطابق سیٹیزن پورٹل پر بیرون ملک مقیم پاکستانی کی شکایات پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد لینڈ ریونیو کے افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈپٹی رجسڑار کوآپریٹو سوسائیٹز اسلام آباد کو فوری طور پر عہدے سے ہٹادیا گیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی نے پلاٹ منتقلی سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو شکایات کی تھی، سرکل رجسٹرارآفس نے شہری کی شکایت پر اس کی داررسی نہیں کی، جس کے بعد وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کی ہدایت پر چیف کمشنر نے شکایات پر انکوائری کی، اور چیف کمشنر آفس نے متعلقہ افسران کی معطلی اور برطرفی کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیئے۔

ذرائع کے مطابق چیف کمشنر نے وزرات داخلہ سےسرکل رجسٹرار کو معطل کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے، جب کہ انسپیکٹر کو آپریٹیو سوسائیٹیز کو عہدہ سے برطرف، متعلقہ ہاوسنگ سوسائٹی کو شوکاز نوٹس جاری اور بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے ہیں، اس کے ساتھ ہی سرکل رجسٹرار آفس کے متعلقہ کلرک کو بھی عہدہ سے ہٹا دیا گیا ہے۔