ملک بھر میں کورونا سےایک دن میں 6 اموات

ملک میں کورونا کیسز میں بتدریج کمی آرہی ہے اور رواں سال کے دوران ایک دن میں سب سے کم اموات رپورٹ ہوئی ہیں، جبکہ  ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح بھی گر کر 35۔1 فیصد تک آگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کی تشخیص کے لیے 42 ہزار 96 ٹیسٹ کئے گئے، جس کے نتیجے میں ملک بھر سے صرف 572 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی، اس طرح گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 1.35 فیصد رہی۔

ملک میں اب تک 12 لاکھ 69 ہزار 806 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے ، جن میں سے 12 لاکھ 17 ہزار218 اس وائرس سے چھٹکارہ پاچکے ہیں۔

گزشتہ روز ملک میں کورونا کے مزید 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں ، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق افراد کی مصدقہ تعداد 28 ہزار 392 ہوگئی ہے۔ رواں سال ایک دن میں اس وبا سے جاں بحق ہونے والوں کی یہ سب سے کم تعداد ہے۔

ملک میں اس وقت کورونا کے مصدقہ فعال مریضوں کی تعداد 24 ہزار 196 ہے جن میں سے ایک ہزار 28 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔