زہریلے کنکھجورے گردوں کی بیماری کے علاج میں معاون

بیجنگ: ایک حالیہ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ زہریلے کنکھجورے کا زہر گردے کی بیماریوں کے مؤثر علاج میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

گردوں کی بیماری دنیا کے کئی خطوں میں موت کی سب سے بڑی وجوہات میں سے ایک ہے جس سے ہر سال لاکھوں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔

ماہرین صحت اور طب کے شعبے میں حکام نے اب گردوں کی دائمی بیماری کو روکنے یا اس کے علاج کے لیے ایک جدید طریقہ دریافت کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چین میں سائنسدانوں کی جانب سے کی گئی ایک حالیہ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ زہریلا کنکھجورا جسے ‘چائنیز ریڈ ہیڈڈ سینٹی پیڈ’ کہا جاتا ہے، گردوں کی بیماری کے علاج میں مدد فراہم کر سکتا ہے اور افراد کی زندگیاں بچا سکتا ہے۔

تحقیق جرنل آف نیچرل پراڈکٹس میں شائع ہوئی ہے جس میں محققین نے پایا کہ کنکھجوروں میں alkaloids نامی خصوصی کیمیکلز ہوتے ہیں جو بیماری سے لڑتے ہیں۔

محققین نے کہا کہ زہریلے کنکھجورے کا کیمیائی الکلائیڈ گردوں میں سوزش اور زخموں کو کم کر سکتا ہے۔ سرخ کنکھجوروں میں 12 نئے الکلائیڈ مرکبات موجود ہوتے ہیں جن میں سے کچھ سوزش کے خاتمے اور اینٹی رینل فبروسس خصوصیات کے حامل ہیں۔